کافی دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے مشروبات میں شمار ہوتی ہے، تاہم نئی طبی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ صرف توانائی کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی متعدد فوائد رکھتی ہے
ماہرین صحت کے مطابق روزانہ ایک سے تین کپ بلیک کافی پینے سے دل کی بیماریوں اور قبل از وقت موت کے خطرات میں کمی آ سکتی ہے۔ مختلف تحقیقی مطالعات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ باقاعدگی سے کافی استعمال کرنے والے افراد میں مجموعی شرح اموات اور قلبی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ نسبتاً کم پایا گیا۔
تحقیق کے مطابق کافی میں چینی، کریم یا دیگر اضافی اجزاء کی زیادہ مقدار شامل کرنے سے اس کے طبی فوائد کم ہو سکتے ہیں، اس لیے ماہرین بلیک کافی کو زیادہ مفید قرار دیتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی آنتوں کی صحت بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس میں موجود قدرتی مرکبات مفید بیکٹیریا کی افزائش میں مدد دیتے ہیں، جس سے نظامِ ہاضمہ مضبوط ہوتا ہے اور جسم میں سوزش کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔
تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ مناسب مقدار میں کافی کا استعمال مردانہ صحت پر مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ بعض مطالعات کے مطابق کافی ٹیسٹوسٹیرون کی سطح میں عارضی اضافہ اور جسمانی کارکردگی میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق کافی وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ جسم کے میٹابولزم کو تیز کرتی ہے، چربی گھلانے کے عمل کو بہتر بناتی ہے اور بعض افراد میں بھوک کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ کافی کے باقاعدہ استعمال کو کئی دائمی بیماریوں کے کم خطرے سے بھی جوڑا گیا ہے، جن میں پارکنسنز، ٹائپ ٹو ذیابیطس، جگر اور بڑی آنت کے کینسر، فالج اور دل کی کمزوری جیسی بیماریاں شامل ہیں۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ کافی کے فوائد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اس کا استعمال اعتدال میں رکھنا ضروری ہے، جبکہ کسی بھی طبی مسئلے یا غذائی تبدیلی کے حوالے سے معالج سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔





