محمد اعجاز آفریدی
حکومت خیبر پختونخوا نے سول سیکرٹریٹ پشاور کے 9 دفترداروں کو جونیئر کلرک کے عہدے پر ترقی دینے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ (HRMD) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ترقیاں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کی سفارشات کی روشنی میں کی گئی ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق مجاز اتھارٹی نے گریڈ 4 میں کام کرنے والے دفترداروں کو مستقل بنیادوں پر گریڈ 11 میں جونیئر کلرک کے طور پر ترقی دینے کی منظوری دی ہے۔
ترقی پانے والے ملازمین میں عدیل احمد، عدیل ویکٹر، محمد شفیق، وجاہت علی، رفیق نواب، عبدالواحد، سید شعیب علی، ولسن مسیح اور نواز خان شامل ہیں۔ ترقی کے ساتھ ہی ان ملازمین کی مختلف محکموں میں نئی تعیناتیاں اور تبادلے بھی کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیسکو میں ملازمین کی ترقیوں کا نوٹیفکیشن جاری، گریڈ 14 میں پروموشن دے دی گئی
اعلامیہ کے مطابق عدیل احمد کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، عدیل ویکٹر اور وجاہت علی کو ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز، رفیق نواب کو ہائر ایجوکیشن، سید شعیب علی کو گورنر سیکرٹریٹ، ولسن مسیح کو سوشل ویلفیئر جبکہ نواز خان کو انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔ محمد شفیق کو فنانس اور عبدالواحد کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ میں ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ترقی پانے والے تمام جونیئر کلرکس ایک سال تک پروبیشن کی مدت پر رہیں گے۔ تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پہلی تعیناتی کا آرڈر، سروس بک، میٹرک سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل، شناختی کارڈ اور دیگر تعلیمی دستاویزات کی تصدیق شدہ کاپیاں محکمہ ایچ آر ایم کے متعلقہ سیکشن میں جمع کرائیں۔





