خیبرپختونخوا حکومت نے انتظامی اور زرعی شعبوں میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے پانچ سینئر افسران کے تبادلوں اور نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گریڈ 20 کے ڈائریکٹر جنرل زراعت ضم اضلاع محمد نوید کو ان کے عہدے سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل زراعت ایکسٹینشن خیبرپختونخوا تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ 20 کے ڈائریکٹر جنرل زرعی سروس اکیڈمی مراد علی کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل زراعت ضم اضلاع مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ریجنل ڈائریکٹر نارتھ زراعت گریڈ 20 کے افسر خدا یار کو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انتظامی امور سے متعلق ایک علیحدہ اعلامیے میں ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں چیف سیکرٹری آفس میں ڈائریکٹر پی ایم آر یو تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح محکمہ انتظامی امور کے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اصلاح الدین کو ڈپٹی کمشنر ہری پور مقرر کر دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ تبادلے اور تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ان تبدیلیوں کو انتظامی امور میں بہتری اور مختلف محکموں کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔





