الف خان شیرپاؤ
خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال میں تعینات فیمل او ٹی سرجیکل ٹیکنیشن مسمات (ک) کو ان کے شوہر نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولہ اپنی ڈیوٹی ختم کر کے واپس گھر جا رہی تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ مسمات (ک) ڈیوٹی کے بعد چنگ چی رکشہ میں سوار ہو کر گھر جا رہی تھیں کہ سرکی روڈ پر مڑوندے پل کے نزدیک ان کے شوہر نے رکشہ رکوا لیا۔ ملزم نے اپنی بیوی کو رکشے سے زبردستی نیچے اتارا اور شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کی وجہ گھریلو ناچاقی بتائی جا رہی ہے جبکہ ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔





