مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کس شعبے کو کتنا فنڈ ملا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کر دیا ہے۔

وفاقی بجٹ میں انفراسٹرکچر، آبی وسائل، تعلیم، صحت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے مجموعی طور پر 682 ارب 48 کروڑ روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو 224 ارب 51 کروڑ روپے کے ساتھ سب سے زیادہ حصہ دیا گیا ہے جبکہ آبی وسائل ڈویژن کے لیے 103 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق پاور ڈویژن، این ٹی ڈی سی اور پیپکو کے لیے 88 ارب روپے، کابینہ ڈویژن کے لیے 64 ارب 8 کروڑ روپے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے لیے 46 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ریلوے ڈویژن کے لیے 40 ارب 65 کروڑ روپے جبکہ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈویژن کے لیے 36 ارب 31 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

اسی طرح داخلہ ڈویژن کے لیے 21 ارب 82 کروڑ روپے اور آئی ٹی و ٹیلی کام ڈویژن کے لیے 19 ارب 58 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف کی تجویز، اہم تبدیلیوں کا امکان

بجٹ دستاویزات کے مطابق قومی صحت خدمات ڈویژن کے لیے 16 ارب 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صوبوں اور خصوصی علاقوں کے لیے مجموعی طور پر 233 ارب 33 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں ضم شدہ اضلاع کے لیے 56 ارب 7 کروڑ روپے جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 85 ارب 2 کروڑ روپے شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق سی پیک 2.0 کی نئی اسکیموں کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کا مقصد آئندہ برسوں میں اقتصادی سرگرمیوں اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔

Scroll to Top