عوام مہنگائی تلے دب گئے، مگر تنخواہیں کس کی بڑھ گئیں؟ بیرسٹر گوہر برس پڑے

عوام مہنگائی تلے دب گئے، مگر تنخواہیں کس کی بڑھ گئیں؟ بیرسٹر گوہر برس پڑے

بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوام کے لیے ریلیف کا کوئی واضح منصوبہ نہیں، گیس، بجلی اور ادویات بدستور مہنگی رہیں گی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے اور گیس، بجلی و ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لیے بجٹ میں کوئی واضح پروگرام شامل نہیں کیا گیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایک جانب عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب ارکان پارلیمنٹ اور وزرا کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں 200 فیصد اور وزرا کی تنخواہوں میں 180 فیصد اضافہ عوامی مشکلات کے تناظر میں قابل اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اگر عوام جیسی زندگی گزاریں تو ان پر اعتماد اور عزت میں اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت معیشت میں بنیادی اصلاحات لانے میں ناکام رہی ہے اور قرضوں پر انحصار مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس قرضوں سے نجات کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی موجود نہیں، جبکہ روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت بھی حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسٹریٹجک ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی مطلوبہ وسائل فراہم کرنے میں مشکلات کا شکار ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ عوام کے سامنے اصل معاشی اعداد و شمار رکھے جائیں اور حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مزید شفافیت اور مؤثر تقسیم کی ضرورت ہے تاکہ مستحق افراد تک امداد بروقت پہنچ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی، گیس، پٹرول اور ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کے مطابق 40 فیصد سے زائد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جبکہ دو کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جس کی بڑی وجہ غربت اور معاشی مشکلات ہیں۔

Scroll to Top