ضلع صوابی کے علاقے مناگی میں خواتین کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرتے ہوئے خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ اور تشدد کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں مناگی میں اس وقت پیش آیا جب دو فریقین کے درمیان خواتین کے تنازعے پر کشیدگی بڑھ گئی، جو بعد ازاں ہاتھا پائی، لاٹھی ڈنڈوں کے استعمال اور فائرنگ تک جا پہنچی۔
ڈی ایس پی حسن خان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اکبر ولد لیاقت اُستاد موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ لیاقت استاد، ایک بچی اور دیگر افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ خاندانی اور گھریلو نوعیت کے تنازعے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔





