عوام مالی مشکلات کا شکار، مگر ارکان اسمبلی کیلئے خوشخبری؟ تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی تیاریاں مکمل

عوام مالی مشکلات کا شکار، مگر ارکان اسمبلی کیلئے خوشخبری؟ تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی تیاریاں مکمل

خیبرپختونخوا میں ایک جانب مالی بحران، ترقیاتی فنڈز کی قلت اور بجٹ سے متعلق سیاسی بحث جاری ہے، تو دوسری جانب صوبائی اسمبلی کے ارکان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی تیاریاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق منتخب نمائندوں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے سے متعلق تجاویز پر پیش رفت ہو چکی ہے اور اس حوالے سے صوبائی اسمبلی کی سطح پر اصولی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو حاصل مراعات میں اضافے کے لیے قائم کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کرکے متعلقہ حکام کو ارسال کر دی ہیں۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی تجویز کے بعد ارکان اسمبلی کے مالی پیکیج پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق دیگر صوبوں، خصوصاً پنجاب اور سندھ میں ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ مجوزہ پیکیج میں بنیادی تنخواہ کے ساتھ مختلف الاؤنسز اور دیگر مالی سہولتوں پر بھی نظرثانی کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس مکمل ہونے کے بعد ارکان اسمبلی، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔

دوسری جانب بعض حلقے اسے منتخب نمائندوں کا جائز حق قرار دے رہے ہیں، جبکہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ صوبہ اس وقت مالی دباؤ، ترقیاتی فنڈز کی کمی اور عوامی مسائل سے دوچار ہے، ایسے میں عوامی نمائندوں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا فیصلہ عوامی سطح پر بحث کا موضوع بن سکتا ہے۔

Scroll to Top