اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے مسائل کے حل اور صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کا مقدمہ بھرپور انداز میں اور وسیع سیاسی اتفاق رائے کے ساتھ لڑا جائے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا کی مجموعی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد علی شاہ باچا نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو ایبٹ آباد میں منعقدہ یوتھ کنونشن اور مانسہرہ میں جاری عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور پارٹی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں پارٹی تنظیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے حوصلہ افزا اور متاثر کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی متحرک شرکت اور عوامی رابطہ مہم نے پارٹی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دورانِ ملاقات گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گندم کے بحران اور اس سے پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ میں بی ایل اے کے حملے کے پیچھے اسرائیل ملوث ہے،سابق سی آئی اے ریسرچر لاری جانسن کا دعویٰ
بلاول بھٹو زرداری نے گندم کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے فوری اور مؤثر حل کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ہدایت کی کہ جس طرح انہوں نے سی این جی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کیا، اسی طرح گندم بحران کے خاتمے کے لیے بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں اور متعلقہ فورمز پر صوبے کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کریں۔
ملاقات میں وفاقی بجٹ میں فاٹا اور پاٹا پر عائد ٹیکسز، صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور قیامِ امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر واضح کیا کہ وہ فاٹا اور پاٹا کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل کے حل، صوبے کے حقوق کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔





