پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے صوبائی بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے پارٹی اراکین کو اہم پیغام دے دیا۔
اپنے بیان میں عبدالغنی آفریدی نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا، تاہم وہ تمام اراکین اسمبلی سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ مخلص ہیں تو بجٹ اجلاس اور ووٹنگ کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان کی ان کے اہلخانہ سے ملاقات نہیں کرائی جاتی اور انہیں علاج کیلئے خاندان کی موجودگی میں اسلام آباد کے ہسپتال منتقل نہیں کیا جاتا، اس وقت تک کسی بھی بجٹ کارروائی میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارٹی اراکین کو عمران خان کے موقف اور حقوق کیلئے متحد رہنا ہوگا اور بجٹ منظوری کے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی رکن اسمبلی نے بجٹ کے حق میں ووٹ دیا تو پارٹی کارکنان ایسے افراد سے لاتعلقی کا اعلان کریں اور انہیں عوامی سطح پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بجٹ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے اندر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔





