ایران معاملہ، امریکا اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کیلئے متحرک

واشنگٹن: ایران کے ساتھ طے پانے والے ابتدائی معاہدے کے بعد امریکا نے اپنے خلیجی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اہم سفارتی دورے پر بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق واشنگٹن خطے میں ہونے والی حالیہ سفارتی پیش رفت پر اپنے قریبی شراکت داروں کو اعتماد میں لینا چاہتا ہے تاکہ مستقبل کی حکمت عملی کو وسیع تر علاقائی اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کل سے اپنے خلیجی دورے کا آغاز کریں گے، جہاں وہ اعلیٰ حکومتی شخصیات اور خلیجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں ایران سے متعلق پیش رفت، علاقائی سلامتی اور مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مارکو روبیو بحرین میں خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں امریکا اور خلیجی ممالک کے نمائندے خطے کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے چیلنجز پر مشاورت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان نے ثالثی کی اپیل قبول کرلی، کالعدم ایکشن کمیٹی سے دھرنا ختم کرنے کا مطالبہ

اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی، علاقائی استحکام، سمندری گزرگاہوں کے تحفظ، توانائی کی فراہمی اور ایران سے متعلق حالیہ سفارتی پیش رفت اہم ایجنڈا ہوں گے۔ اس موقع پر مشترکہ حکمت عملی اور مستقبل کے تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ اپنے خلیجی اتحادیوں کو ایران کے ساتھ ہونے والے ابتدائی معاہدے اور مذاکراتی عمل کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے، جبکہ علاقائی ممالک کے تحفظات اور تجاویز بھی سنی جائیں گی۔

علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی، توانائی کے شعبے میں استحکام اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے امکانات بھی ملاقاتوں کے اہم نکات میں شامل ہوں گے۔

Scroll to Top