آج ملک کے کن علاقوں میں بارش متوقع ہے؟ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی جاری کر دی

آج ملک کے کن علاقوں میں بارش متوقع ہے؟ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی جاری کر دی

گرمی سے ستائے شہریوں کے لیےزبردست خوشخبری آگئی، ملک کے مختلف علاقوں میں 2 روز بارشوں کی پیشگوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کرتے ہوئے موسم میں بہتری کی نوید سنا دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پاراچنار سمیت بالائی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرمی برقرار رہے گی، تاہم لاہور، قصور، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور وہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد اور خانیوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم دوپہر کے اوقات میں جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع جبکہ بلوچستان کے وسطی علاقوں میں درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب کشمیر میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں موسم زیادہ تر خشک اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top