عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے نیپال فٹبال ایسوسی ایشن کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی ہے، جس کے نتیجے میں نیپال کی قومی اور کلب فٹبال ٹیمیں آئندہ نوٹس تک کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔
فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فیفا کے آئین کے آرٹیکل 16 کے تحت کیا گیا ہے اور یہ معطلی اگلے حکم تک نافذ العمل رہے گی۔ اس اقدام کے بعد نیپال فٹبال ایسوسی ایشن اپنے تمام رکنیتی حقوق اور مراعات سے محروم ہو گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق معطلی کے باعث نیپال کے کھلاڑی، کوچز اور فٹبال عہدیداران نہ صرف فیفا بلکہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے زیر اہتمام ہونے والے ٹورنامنٹس، تربیتی کیمپس، ورکشاپس اور دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سابق ممبر قانون ساز اسمبلی مسلم لیگ (ن) میں شامل
فیفا نے اگرچہ معطلی کی فوری تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم اس فیصلے کو عالمی فٹبال قوانین اور ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔
فیفا کے اس اقدام کے بعد نیپال میں فٹبال کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گیا ہے، جبکہ کھیلوں کے حلقوں میں اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔





