دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا حفاظتی فیچر متعارف کرا دیا ہےجس کے تحت اب نامعلوم نمبروں سے آنے والے پیغامات سے متعلق اہم معلومات چیٹ کھولنے سے پہلے ہی صارف کو مل جائیں گی۔
میٹا پلیٹ فارمز کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ اب کسی بھی انجان نمبر سے رابطہ ہونے پر صارف کو انتباہ (الرٹ) جاری کرے گی تاکہ صارف فوری جواب دینے کے بجائے پہلے دستیاب معلومات کا جائزہ لے سکے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارف کو یہ معلومات فراہم کی جائیں گی کہ متعلقہ نمبر کس ملک کا کوڈ استعمال کر رہا ہے، آیا اسے کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ کرنا مناسب ہے یا نہیں، اور کیا پیغام بھیجنے والا شخص کسی مشترکہ واٹس ایپ گروپ کا رکن ہے یا نہیں۔ ان معلومات کی بنیاد پر صارف یہ فیصلہ کر سکے گا کہ پیغام کا جواب دینا ہے یا نہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس عمل کے دوران پیغام بھیجنے والے شخص کو کسی قسم کی اطلاع نہیں ملے گی، جس سے صارف کی پرائیویسی مکمل طور پر محفوظ رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی اے کی موبائل فون خریدنےوالوں کے لیے اہم ہدایت جاری
واٹس ایپ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیچر خاص طور پر ان اسکیمرز کے خلاف مؤثر ثابت ہو گا جو خود کو کوئی واقف کار ظاہر کر کے نئے نمبر سے رابطہ کرتے ہیں۔ بیرون ملک رجسٹرڈ مشکوک نمبروں کی نشاندہی سے بین الاقوامی آن لائن فراڈ کے واقعات کو روکنے میں بڑی مدد ملے گی۔





