برطانیہ میں مقیم تحریک انصاف کے سرگرم کارکن وقاص چوہان نے ایکشن کمیٹی کی قوم پرستی اور آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے مخصوص بیانیے سے سخت اختلاف کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے مکمل علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے اور ریاستِ پاکستان اور مسلح افواج کے حق میں ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو بیان میں وقاص چوہان نے واشگاف الفاظ میں واضح کیا کہ ان کا اب کسی پارٹی یا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ صرف پاکستان، ریاستِ پاکستان اور پاک فوج کے لیے کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے ویڈیو کے ساتھ جاری اپنے تحریری کیپشن میں لکھا کہ آزاد جموں و کشمیر کے علیحدگی پسندوں کے خلاف نظریاتی جنگ کا آغاز اب ہوتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کے اسلامی اور قومی نظریے کی نمائندگی کرتے ہیں اور سید علی شاہ گیلانی صاحب نے ہمیں سکھایا تھا کہ ہم کشمیری صرف پاکستانی ہیں اور ہماری جدوجہد بھی صرف پاکستان کے لیے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوئی بھی ایوارڈ دو، وہ بھاگے چلے آئیں گے:مودی کے اعزازات پر دی گارڈین کی تہلکہ خیز رپورٹ
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جب نظریات کی جنگ ہو تو بہت کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے اور جدوجہد کرنی پڑتی ہے، لیکن وہ ان کا مقابلہ کریں گے،جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے والوں کا بیانیہ اب نہیں چلے گا اور وہ پوری ایمانداری اور سچائی کے ساتھ ریاستِ پاکستان اور مسلح افواج کا دفاع جاری رکھیں گے۔





