محنت کش خاندانوں کے لیے حکومت کی بڑی خوشخبری، ایک لاکھ مزید بچوں کو تعلیم ملے گی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے محنت کش طبقے کے بچوں کو معیاری اور مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے مزید ایک لاکھ بچوں کو تعلیم کی سہولت دینے کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ترقی چودھری سالک حسین نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر محنت کش خاندانوں کے مزید ایک لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو بھی معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح یکساں تعلیمی مواقع میسر آئیں۔

چودھری سالک حسین نے واضح کیا کہ محنت کش خاندانوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی بھی بچے کو تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کا جدید نظام

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارے میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ محنت کش خاندانوں کو تعلیم سمیت دیگر فلاحی سہولتیں مزید بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم دراصل پاکستان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، اسی مقصد کے تحت حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بھی بنایا جا سکے گا۔

چودھری سالک حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت کش طبقے کی فلاح اور ان کے بچوں کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Scroll to Top