حمد اللہ
ایبٹ آبادکے تھانہ ناڑہ کی حدود چوٹالہ میں اراضی کے دیرینہ تنازع پر دو فریقین کے درمیان ہونے والے خونی تصادم میں 8 افراد زخمی ہو گئے،جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئےدونوں فریقین کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق چوٹالہ کے رہائشی وجاہت خان اور سلیم خان کے مابین زمین کا پرانا جھگڑا چل رہا تھا، جو گزشتہ صبح اچانک شدت اختیار کر گیا اور دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر حملہ کر دیا۔ اس تصادم کے نتیجے میں مجموعی طور پر 8 افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک فریق کا ایک اور دوسرے فریق کے 7 افراد شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون الرشید خان نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ جس پر ایس پی حویلیاں کی نگرانی میں تھانہ ناڑہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 324 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ایک فریق کے 7 اور دوسرے فریق کے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد میں شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی کو قتل کر دیا، ملزم فرار
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے تمام 9 ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق تفتیش اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ علاقے میں دوبارہ کشیدگی اور امن و امان کی صورتحال کو خراب ہونے سے روکنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔





