وفاقی حکومت نےجامعات میں ٹینیور ٹریک سسٹم (TTS) کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہےجس کا باقاعدہ اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہو گا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم کے سابقہ فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے ٹی ٹی ایس پے پیکیج 2026ء کی منظوری دی ہےجس کے تحت پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر کی تنخواہوں کے موجودہ اسکیلز پر نظرِ ثانی کی گئی ہے۔
نظرِ ثانی شدہ اسکیل کے تحت ٹی ٹی ایس پروفیسر کی کم از کم تنخواہ 3 لاکھ 94 ہزار 875 روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ 7 ہزار 230 روپے، سالانہ اضافہ 20 ہزار 320 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ 7 لاکھ 12 ہزار 30 روپے کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ایسوسی ایٹ پروفیسر کی کم از کم تنخواہ 2 لاکھ 63 ہزار 250 روپے سے بڑھا کر 3 لاکھ 70 ہزار 810 روپے، سالانہ اضافہ 18 ہزار 320 روپے اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ 6 لاکھ 45 ہزار 610 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر کی کم از کم تنخواہ 1 لاکھ 75 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 2 لاکھ 88 ہزار 20 روپے، سالانہ اضافہ 17 ہزار 720 روپے اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ 5 لاکھ 53 ہزار 820 روپے کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی
آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ 30 جون 2026ء تک ملازمت میں موجود ٹی ٹی ایس اساتذہ کی بنیادی تنخواہ کو نئے ٹی ٹی ایس-2026ء اسکیل میں اسی مرحلے (اسٹیج) پر منتقل کیا جائے گا جس پر وہ پرانے اسکیل میں فائز تھے۔ وزارتِ خزانہ نے یہ شرط بھی عائد کی ہے کہ اس نظرِ ثانی کے مالی اثرات جامعات اپنے وسائل سے پورے کریں گی اور وفاقی حکومت اس مد میں کوئی اضافی فنڈز فراہم نہیں کرے گی۔





