ملک میں ایل این جی کے گھریلو کنکشنز کے منتظر شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ قطر میںفورس میجور (Force Majeure)کی مدت ختم ہوتے ہی ان کنکشنز پر عائد پابندی اٹھائے جانے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں سال ستمبر تک ایل این جی کے نئے گھریلو کنکشنز پر لگی یہ پابندی ختم کی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر نے ایل این جی سپلائی سے متعلق اگست تک فورس میجور کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے مئی میں سپلائی معطلی کے بعد ایل این جی کنکشنز دینے کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ تاہم، اگست میں قطر کی جانب سے یہ مدت ختم ہوتے ہی ستمبر سے ایل این جی کی سپلائی میں نمایاں بہتری آ جائے گی۔
ستمبر کے مہینے میں جہاں ایک طرف سپلائی لائن بحال ہوگی وہیں دوسری طرف موسم کی تبدیلی کے باعث پاور سیکٹر (بجلی کے شعبے) کی طرف سے بھی ایل این جی کی طلب میں کمی واقع ہو جائے گی جس سے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی دستیابی آسان ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اوپن مارکیٹ سے اہم اپ ڈیٹ، ایرانی ریال کی نئی قیمتیں سامنے آ گئیں
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ایل این جی کنکشنز پر عائد پابندی کو مکمل طور پر ہٹانے کا حتمی فیصلہ ستمبر میں گیس کی لائیو سپلائی اور مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جائے گا۔





