گلیشیئرز کا پانی دریائے سندھ میں شامل، بہاؤ میں اضافہ، الرٹ جاری

میانوالی: گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد چشمہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کندیاں کے قریب دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ چشمہ بیراج میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی آمد میں 22 ہزار کیوسک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

چشمہ بیراج پر پانی کی آمد بڑھ کر 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پانی کا اخراج 2 لاکھ 32 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق چشمہ بیراج میں پانی کا لیول 646 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ پانی کی سطح میں اضافے کے باعث چشمہ بیراج سے ملحقہ دریائے سندھ کی تمام جھیلیں بھی پانی سے بھر گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آئندہ چند گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان

انتظامیہ کے مطابق چشمہ بیراج کے تمام 52 سپل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ پانی کے بہاؤ کو معمول کے مطابق برقرار رکھا جا سکے۔

دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ پانی کے بہاؤ اور بیراج کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top