محمد اعجاز آفریدی
خیبر پختونخوا کے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے صوبے بھر کی 347 فی میل سیکنڈری اسکول ٹیچرز (SSTs) کی گریڈ 16 سے گریڈ 17 (پرسنل) میں اپ گریڈیشن کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں تمام ضلعی تعلیمی افسران (خواتین) بشمول ضم شدہ اضلاع کو فوری احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق، یہ احکامات ان فی میل اساتذہ کے لیے جاری کیے گئے ہیں جو 28 نومبر 2011 سے 10 مئی 2016 کے درمیانی عرصے میں بطور ایس ایس ٹی تعینات یا ترقیاب ہوئی تھیں اور بطور ایس ایس ٹی اپنی سروس کے 10 سال مکمل کر چکی ہیں۔ تاہم ان اساتذہ نے اب تک اپ گریڈیشن کے لیے مطلوبہ پرسنل ایویلیوایشن رپورٹس اور دیگر ضروری دستاویزات جمع نہیں کروائیں۔
جاری کردہ مراسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (خواتین) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مذکورہ 347 فی میل اساتذہ کا سراغ لگائیں اور دو دن کے اندر اندر ان کی دستاویزات اور رپورٹس ہر صورت دفتر میں جمع کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کے الاؤنسز میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری
مراسلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ اگر ان 347 اساتذہ میں سے کوئی بھی متعلقہ ضلع میں فرائض سرانجام نہیں دے رہی، تو اس حوالے سےنل رپورٹ کا سرٹیفکیٹ فوری طور پر فراہم کیا جائے تاکہ اپ گریڈیشن کے عمل کو بغیر کسی تاخیر کے حتمی شکل دی جا سکے۔





