لاہور: پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے خواہشمند افراد کیلئے ایک اور سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تحت قائم 15 ای خدمت مراکز پر شہریوں کو لرنر ڈرائیونگ لائسنس کیلئے درخواست دینے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ای خدمت مراکز پر شہریوں کو موقع پر ہی لرنر لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے، جو 6 ماہ تک مؤثر رہتا ہے۔ شہری صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ای خدمت مراکز سے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : قومی پرچم سے متعلق اہم فیصلہ، مراسلہ جاری
مزید معلومات کیلئے شہری ہیلپ لائن ekhidmat.punjab.gov.pk اور نمبر 1317 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے شہری اب لائسنس سینٹرز کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کروا سکیں گے۔
دستک ایپ پر لائسنس سروسز کی منتقلی کے بعد مکمل نظام آن لائن کر دیا گیا ہے، جہاں درخواست گزار اپنے کوائف درج کرنے، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے اور فیس کی ادائیگی کے بعد اپنے لائسنس کی ڈیلیوری کو بھی آن لائن ٹریک کر سکتے ہیں۔
ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کیلئے ضروری دستاویزات
لائسنس کی تجدید کیلئے شہریوں کے پاس تازہ ترین پاسپورٹ سائز تصویر، اصل شناختی کارڈ کی فرنٹ اور بیک تصاویر، ڈرائیونگ لائسنس کی فرنٹ اور بیک کاپی جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ فعال موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس بھی درکار ہوگا۔
دستک ایپ کے ذریعے اپلائی کرنے کا طریقہ
شہری پہلے پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے دستک ایپ ڈاؤن لوڈ کریں گے اور شناختی کارڈ نمبر، نام اور موبائل نمبر درج کرکے اکاؤنٹ بنائیں گے۔
لاگ ان ہونے کے بعد “Driving License Services” میں جا کر “Regular Driving License Renewal” کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ درخواست گزار اپنا لائسنس نمبر، شناختی کارڈ نمبر، تاریخ پیدائش اور کیٹیگری درج کرنے کے بعد شناختی کارڈ، پرانے لائسنس اور تصویر اپ لوڈ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : مردان میں جلالہ خوڑ میں 13 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق، ریسکیو ٹیم نے لاش نکال لی
درخواست مکمل ہونے پر سسٹم ایک PSID نمبر جاری کرے گا، جس کے ذریعے موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ یا اے ٹی ایم سے سرکاری فیس ادا کی جا سکے گی۔
فیس ادائیگی کے بعد درخواست فائنل سبمٹ کی جائے گی، جس کے بعد شہری DLIMS یا دستک ایپ کے ذریعے اپنے لائسنس کا اسٹیٹس منظور، زیرِ جائزہ یا ڈسپیچ کی صورت میں چیک کر سکیں گے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ لائسنس کی معیاد ختم ہونے سے پہلے تجدید کیلئے درخواست دیں، بصورت دیگر لیٹ فیس جرمانہ سسٹم کے ذریعے خودکار طور پر شامل کر دیا جائے گا، جو لائسنس کی معیاد ختم ہونے کے دورانیے کے مطابق مختلف ہوگا۔
محکمہ ٹریفک پولیس اور دستک انتظامیہ کے مطابق غلط معلومات یا نامکمل دستاویزات کے باعث درخواستوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شناختی کارڈ یا پرانے لائسنس کی واضح تصاویر اپ لوڈ کریں، درست معلومات درج کریں، فیس کی ادائیگی کے بعد فائنل سبمٹ کا بٹن ضرور دبائیں، جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد میڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی شامل کریں۔





