پاکستان نے یورپی مارکیٹ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، اہم رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد: یورپی کمیشن نے پاکستان کو جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز (جی ایس پی پلس) اسکیم سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک قرار دے دیا۔

یورپی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں پاکستان کی تقریباً ساڑھے 7 ارب یورو مالیت کی برآمدات جی ایس پی پلس رعایتوں کیلئے اہل رہیں، جس کے باعث پاکستان کو تقریباً 732 ملین یورو کی ٹیرف بچت حاصل ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے یورپی تجارتی رعایتوں کے استعمال کی شرح 95.1 فیصد تک پہنچا دی، جبکہ 2024 میں یورپی یونین نے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد حصہ خریدا۔

یورپی مارکیٹ میں پاکستانی ملبوسات، ٹیکسٹائل، چمڑے، تیار خوراک اور دیگر مصنوعات نے جی ایس پی پلس سہولت سے نمایاں فائدہ اٹھایا۔

یہ بھی پرھیں : عبدالغنی آفریدی کے الزامات کے بعد جلال خان میدان میں آگئے، وزیر داخلہ سے تحقیقات کا مطالبہ

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق تمام 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار رکھی جبکہ یورپی یونین کے مانیٹرنگ عمل کے ساتھ بھی مسلسل تعاون جاری رکھا۔

یورپی کمیشن کی رپورٹ میں پاکستان کی جانب سے تجارتی رعایتوں کے مؤثر استعمال اور متعلقہ شرائط پر عملدرآمد کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

Scroll to Top