وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی کاوشیں رنگ لے آئیں، پاکستان کی پہلی رورو شپمنٹ سے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق ایم وی گرینڈے شنگھائی کامیابی سے کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگرانداز ہو گیا ہے، جس کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد کا تاریخی سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رورو ای وی شپمنٹ بحری تجارت کے فروغ اور پاکستان کی بندرگاہی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم قدم ہے۔ رورو جہازوں کے ذریعے گاڑیاں براہِ راست جہاز پر لوڈ اور اَن لوڈ کی جاتی ہیں، جس سے وقت کی بچت اور کارگو ہینڈلنگ میں بہتری آتی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ جدید بندرگاہی سہولیات کی فراہمی سے پاکستان کی تجارتی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی جبکہ کراچی پورٹ عالمی معیار کی جدید شپنگ خدمات کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: استعمال شدہ امپورٹڈ گاڑیاں خریدنے والوں کےلیےبڑی خوشخبری
انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی بحری تجارت، آٹو موبائل سیکٹر اور جدید شپنگ نظام کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کی بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔





