سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ، سکیورٹی گارڈ جاں بحق،متعدد زخمی

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما سردار تنویر الیاس کے قافلے پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ان کا ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق اور سابق معاونِ خصوصی سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب سردار تنویر الیاس اپنے قافلے کے ہمراہ دو روزہ دورے پر راؤلاکوٹ جا رہے تھے۔

فائرنگ کے اس شدید واقعے میں سابق معاونِ خصوصی سردار امتیاز شاہین کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ حملے کی شدت کے باعث قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

واقعے کے فوری بعد زخمیوں اور لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حملے میں جاں بحق ہونے والے پرسنل سکیورٹی گارڈ کی شناخت سردار آصف یوسف کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق کوٹیڑہ گوراہ پلندری سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی،پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان

خاندانی ذرائع کے مطابق سردار آصف یوسف کچھ عرصہ قبل ہی وزیراعظم پاکستان کی سکیورٹی ڈیوٹی سے ریٹائر ہوئے تھے اور ان دنوں سردار تنویر الیاس کی ذاتی سکیورٹی پر مامور تھےجو سر پر گولی لگنے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی ہے۔

Scroll to Top