بچوں کی رجسٹریشن پر نادرا کا اہم پیغام، والدین فوری توجہ دیں

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ ہر بچے کی پیدائش کا اندراج ایک ماہ کے اندر لازمی کرایا جائے تاکہ بچے کی قانونی شناخت بروقت یقینی بنائی جا سکے۔

نادرا کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد متعلقہ یونین کونسل میں رجسٹریشن مکمل ہونے پر جاری ہونے والا کمپیوٹرائزڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ہی بچے کی قانونی شناخت کی بنیادی دستاویز ہوتا ہے۔

نادرا نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی رجسٹریشن میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کریں اور مقررہ مدت کے اندر متعلقہ یونین کونسل سے رجوع کریں یا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا کے پیدائش کا اندراج مکمل کریں، تاکہ بچے کو پیدائش کے فوراً بعد قانونی شناخت کا حق حاصل ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ایف بی آر میں اعلیٰ سطحی اکھاڑ پچھاڑ، اہم عہدوں پر نئے افسران تعینات

ادارے کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پیدائش کے اندراج کی سہولت پنجاب اور سندھ کے تمام اضلاع، خیبرپختونخوا کے ضلع پشاور، بلوچستان کے منتخب اضلاع اور اسلام آباد کی تمام یونین کونسلز میں دستیاب ہے۔

نادرا نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی رجسٹریشن کا عمل بروقت مکمل کریں تاکہ مستقبل میں تعلیم، شناختی دستاویزات، پاسپورٹ، سفری امور اور دیگر سرکاری معاملات میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top