ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری، پاکستانی شاہینوں کی ترقی

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری، پاکستانی شاہینوں کی ترقی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی گئی ہےجس میں متعدد پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں پیشرفت کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی پوزیشنز مزید مستحکم کر لی ہیں۔

ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ سلمان علی آغا دو درجے بہتری کے ساتھ سولہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارتی کپتان صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔

ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں اسپنر ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی دو درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ بیس باؤلرز کی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی عالمی فہرست میں بھی ابرار احمد دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ دیگر پاکستانی باؤلرز میں محمد نواز دسویں اور سلمان مرزا سولہویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان اپنی تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ ون ڈے آل راؤنڈرز کی فہرست میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد بارہویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ البتہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ بہتری کے ساتھ پہلی بار ٹاپ بیس آل راؤنڈرز میں شامل ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے روایتی فارمیٹس تبدیل کرنے کی منظوری دے دی

ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، پاکستان کے صائم ایوب دوسرے اور محمد نواز دسویں نمبر پر برقرار ہیں۔

Scroll to Top