وفاداری ثابت کرنے کے لیے الفاظ نہیں قربانیاں کافی ہیں، شیر افضل مروت

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان سے ان کی وفاداری کا ثبوت الفاظ نہیں بلکہ ان کی قربانیاں ہیں، اور زندگی کے آخری لمحے تک عمران خان کے خلاف ان کے منہ سے کوئی بات نہیں نکلے گی۔

اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ انہوں نے عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے لیے جیلیں کاٹیں، 56 مقدمات کا سامنا کیا اور اب بھی مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2013 میں تعمیر کیا گیا ان کا گھر 2023 میں عمران خان کا ساتھ دینے کی وجہ سے گرا دیا گیا، جبکہ ان کے گاؤں کا گھر بھی نذرِ آتش کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی وفاداری کا ثبوت بیانات نہیں بلکہ وہ مشکلات اور قربانیاں ہیں جن کا انہوں نے سامنا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : رہائی فورس کیس، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا

شیر افضل مروت نے انتخابات کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے اپنے قبیلے کے ساتھ مل کر انتخابی نتائج حاصل کیے۔

انہوں نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج تک کوئی بھی ان الزامات کے شواہد پیش نہیں کر سکا۔

Scroll to Top