بالی ووڈ کے معروف اداکار پردیپ راوت، جنہوں نے فلم گجنی، لگان اور شہرہ آفاق ٹی وی سیریل مہابھارت میں اپنی شاندار اداکاری سے منفرد پہچان بنائی، 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پردیپ راوت کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے منیجر سدھارتھ تیواڑی کے مطابق اداکار کا کینسر دوبارہ شدت اختیار کر گیا تھا، جس کے باعث ان کی طبیعت مسلسل بگڑتی رہی اور وہ چند گھنٹے قبل دنیا سے رخصت ہو گئے۔
پردیپ راوت اپنے پس ماندگان میں اہلیہ اور بیٹے وکرم ادتیہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی وفات کی خبر منظرعام پر آتے ہی بھارتی فلم انڈسٹری اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
اداکار یشپال شرما، جنہوں نے فلم لگان میں پردیپ راوت کے ساتھ کام کیا تھا، نے انسٹاگرام پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
پردیپ راوت نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز بی آر چوپڑا کے مقبول تاریخی ڈرامے مہابھارت میں اشوتھاما کا کردار ادا کرکے کیا، جس نے انہیں ملک بھر میں شہرت دلائی۔
یہ بھی پڑھیں : سی ایس ایس 2027 کا شیڈول جاری، ایم پی ٹی کے لیے درخواستوں کی آخری تاریخ کا اعلان
بعد ازاں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی گرج دار آواز، منفرد انداز اور جاندار اداکاری کے باعث منفی کرداروں کے لیے ایک مضبوط شناخت قائم کی۔
انہوں نے عامر خان کی بلاک بسٹر فلم گجنی میں خوفناک ولن، لگان میں دیوا، جبکہ راؤڈی راٹھور اور ساؤتھ انڈین سپر ہٹ فلم سائے سمیت متعدد کامیاب فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ ان کی شاندار اداکاری نے ناظرین اور ناقدین دونوں کو متاثر کیا، جبکہ ان کے انتقال سے بھارتی فلم انڈسٹری ایک باصلاحیت اور منجھے ہوئے فنکار سے محروم ہو گئی۔





