امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے جوان ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، شفیع جان

پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر خیبر پختونخوا پولیس کے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔

اپنے پیغام میں شفیع جان نے کہا کہ پولیس شہداء کی بے مثال قربانیاں قومی وقار، امن، استحکام اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ پوری قوم شہداء کے جذبۂ قربانی کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہداء پیکج کے تحت ان کے خاندانوں کو مالی معاونت، سرکاری ملازمتوں، تعلیمی سہولیات اور دیگر مراعات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں فائرنگ، پولیس کانسٹیبل جاں بحق؛ واقعے کی تحقیقات شروع

شفیع جان نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جس کے مؤثر سدباب کے لیے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا پولیس کے غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوان عزم، حوصلے اور حب الوطنی کی روشن مثال ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور ثابت قدمی کی بدولت صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کی کوششیں مزید مضبوط ہوئی ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Scroll to Top