ساجد خان کی جادوئی باؤلنگ، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےمیزبان ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر کے ٹرافی کا اختتام برابری پر کر دیا۔

پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے دوسری اننگز میں صرف 75 رنز کا ہدف ملا تھا، جسے قومی بلے بازوں نے محض دو وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 24، 24 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچایا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیوم ہوج 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ تیگ نرائن چندرپال اور روسٹن چیس نے 17، 17 رنز کا حصہ ڈالا۔

قومی ٹیم کی اس کامیابی میں آف اسپنر ساجد خان کا کردار سب سے اہم رہا۔ انہوں نے دونوں اننگز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار چار وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں مجموعی طور پر 8 شکار کیے۔ بولر علی عثمان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور میچ میں کل 6 وکٹیں اپنے نام کیں۔

میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 344 رنز بنائے تھے،جس کے جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کی 160 رنز کی ناقابلِ شکست شاندار سنچری کی بدولت 387 رنز بنا کر اہم برتری حاصل کی تھی۔

Scroll to Top