پاک جاپان دوستی میلے میں جاپانی صحافی کی پاکستانی سفارتی کردار کی تعریف

پاک جاپان دوستی 2026 کے میلے میں شرکت کے لیے پاکستان آئے جاپان کے سینئر صحافی اور ٹی وی پروڈیوسر نے ایک ملاقات کے دوران علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔

جاپانی صحافی نے ایران، اسرائیل اور ایران امریکا کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے مثبت، متوازن اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

ملاقات کے دوران انہوں نے اپنی کتاب ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا بھی ذکر کیا۔ جاپانی صحافی نے بتایا کہ وہ پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کر چکے ہیں اور یہاں کے عوام، ثقافت اور معاشرتی زندگی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونے چاہئیں تاکہ باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے پر تبادلہ خیال

ملاقات میں پاک جاپان تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایسے عوامی اور ثقافتی روابط دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ملاقات کو پاک جاپان دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان سماجی و ثقافتی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top