خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار میں بڑا اضافہ، جدید اے پی سیز، گاڑیاں اور موٹر سائیکلز اضلاع کے حوالے

پشاور: دہشت گردی سے نمٹنے اور خیبرپختونخوا پولیس کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھا لیا گیا۔

ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران اربوں روپے مالیت کی جدید بکتر بند گاڑیاں، اے پی سیز، فورک لفٹرز، سنگل و ڈبل کیبن گاڑیاں اور موٹر سائیکلز صوبے کے مختلف اضلاع اور پولیس یونٹس کے حوالے کردی گئیں۔

تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے مختلف اضلاع کے ضلعی پولیس افسران اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام کو گاڑیوں اور جدید آلات کی چابیاں حوالے کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے بکتر بند گاڑیوں، ڈبل کیبن گاڑیوں اور فورک لفٹرز کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے ان کے استعمال اور افادیت کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔

دہشت گردی کے خطرات سے دوچار اضلاع میں پولیس اہلکاروں کی حفاظت اور نقل و حرکت کو مزید محفوظ بنانے کے لیے جدید ڈریگون اے پی سیز ٹانک، ہنگو اور بر سوات کے حوالے کی گئیں، جبکہ دیگر اے پی سیز اپر دیر اور مانسہرہ پولیس کو فراہم کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور،تھانہ غربی پولیس کی کارروائی، جعلی کرنسی کے لین دین میں ملوث ملزم گرفتار

اسی طرح جدید ریوو گاڑیاں کوہاٹ اور تورغر کے ضلعی پولیس افسران کے حوالے کی گئیں، جبکہ پشاور، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد اور ٹیلی کمیونیکیشن کے لیے ہائی ایس وینز بھی فراہم کی گئیں۔

ضلعی پولیس کی آپریشنل استعداد مزید بڑھانے کے لیے سوات اور لوئر دیر کو سنگل کیبن 4×4 گاڑیاں دی گئیں، جبکہ 4×2 سنگل کیبن گاڑیاں ہنگو اور ٹانک کے لیے فراہم کی گئیں۔

اس کے علاوہ مختلف اضلاع اور پولیس یونٹس میں 33 فورک لفٹرز تقسیم کیے گئے، جبکہ 25 موٹر سائیکلوں کی چابیاں بھی متعلقہ ضلعی پولیس افسران کے حوالے کی گئیں۔

تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں پولیس افسران اور جوانوں کو محفوظ نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے ساتھ جدید ڈریگون اے پی سیز، سنگل اور ڈبل کیبن گاڑیاں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی 84 اے پی سیز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور مزید محفوظ بنانے کے لیے اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ مستقبل میں بھی جدید اے پی سیز پولیس فورس کا حصہ بنتی رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کے اعلی افسران کے تبادلے وتعیناتیاں

آئی جی پی کے مطابق گزشتہ سال پولیس موبائلز کی سائیڈ آرمینگ بھی کی گئی تاکہ گشت پر مامور اہلکار زیادہ محفوظ انداز میں فرائض انجام دے سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اضلاع کو فراہم کیے گئے 33 فورک لفٹرز ٹریفک مینجمنٹ، غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے اور شاہراہوں پر رش کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ جدید اے پی سیز اور پک اپ گاڑیوں کی فراہمی سے خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار مزید مضبوط ہوگی اور عوام تک بروقت رسائی بھی ممکن بنائی جاسکے گی۔

صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ صوبے میں دیرپا امن، مؤثر پولیسنگ اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کو جدید ہتھیاروں، معیاری تربیت، جدید گاڑیوں اور جدید گیجٹری سے لیس کیا جارہا ہے، جبکہ پولیس کی استعداد کار بڑھانے کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Scroll to Top