پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، جہاں 100 انڈیکس میں 593 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس ایک بار پھر 1 لاکھ 80 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 80 ہزار 439 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا، جبکہ گزشتہ کاروباری روز ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 79 ہزار 846 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 563 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا۔ ان میں سے 148 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 311 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 104 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین ہوشیار! پنشن کا نظام بدل گیا، حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا
حجم کے اعتبار سے سینرجیکو پی کے سرفہرست رہی، جس کے 133.907 ملین شیئرز کا کاروبار ہوا۔ کے الیکٹرک لمیٹڈ کے 61.849 ملین جبکہ ہسکول پٹرولیم کے 45.032 ملین شیئرز کا لین دین ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی اور ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 2 پیسے کم ہوئی، جس کے بعد امریکی کرنسی 277 روپے 65 پیسے کی سطح پر آگئی۔





