ماہرین نے ہائی بلڈ پریشرجیسے مرض سےتحفظ کا آسان طریقہ بتا دیا

برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک جدید تحقیق کے مطابق روزمرہ خوراک میں معمولی مقدار میں گریاں یعنی نٹس شامل کرنے سے ہائی بلڈ پریشر اور اس سے پیدا ہونے والے جان لیوا طبی مسائل کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

18 سے 87 سال کی عمر کے ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد پر کی گئی 8 مختلف طبی تحقیقات کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ بادام، اخروٹ اور پستے جیسی گریوں کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ روزانہ کچھ مقدار میں گریاں کھانے سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 16 فیصد تک کم ہوتا ہے، جبکہ 28 گرام مقدار کے استعمال سے یہ خطرہ 20 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے دریافت کیا کہ روزانہ مجموعی طور پر 30 گرام گریاں کھانا اس بیماری سے بچاؤ کے لیے سب سے زیادہ مفید ہے جس سے خطرہ 26 فیصد تک کم ہو جاتا ہے، تاہم اس سے زیادہ مقدار میں گریاں کھانے سے مزید کوئی اضافی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گریوں میں موجود پوٹاشیم، میگنیشم، فائبر، وٹامن ای، سی اور بی وٹامنز جیسے قدرتی اجزا خون کی شریانوں کو پرسکون رکھتے ہیں۔

یہ  بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں آٹے کا شدید بحران، 20 کلو کا تھیلا 3200 روپے کا ہو گیا

ان غذائی اجزا کے باعث شریانوں میں خون کا بہاؤ نارمل رہتا ہے جس سے بلڈ پریشر کی سطح مستحکم رہتی ہے اور انسان ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے سنگین طبی مخاطرات سے محفوظ رہتا ہے۔

Scroll to Top