خیبرپختونخوا میں 4 پروسیسنگ زونز اور سوات میں جیم اسٹون لیپیڈری قائم کرنے کا فیصلہ

کاشف الدین سید
خیبر پختونخوا کے محکمہ معدنیات و منرلز ڈویلپمنٹ نے صوبے میں سونے کی تلاش، چھوٹے پیمانے پر معدن کاری کے فروغ اور قیمتی پتھروں کی صنعت کو مستحکم کرنے کے لیے متعدد اہم منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت انتظامی اور تکنیکی مراحل پر پیشرفت جاری ہے۔

صوبے کے چھوٹے معدن کاروں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے چار میٹیلک منرل پروسیسنگ زونز کے قیام کی خاطر کلسٹرز کی نشاندہی کا مرحلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے چیف (انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن سیکشن) کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دائرہ اختیار کی وضاحت کے لیے محکمہ انڈسٹریز سے باضابطہ آرائی اور تجاویز حاصل کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ، پی پی پی یونٹ اور محکمہ انڈسٹریز کی سفارشات کو شامل کر کے از سرِ نو ترمیم شدہ پی سی ٹو (PC-II) تیار کر کے جمع کرایا جائے گا۔ اگر محکمہ انڈسٹریز کی جانب سے یہ طے پایا کہ یہ اقدام بنیادی طور پر ان کے دائرہ کار میں آتا ہے تو منصوبے کی باضابطہ منتقلی کے لیے سمری تیار کر کے آئندہ کے مراحل کے لیے محکمہ انڈسٹریز کے سپرد کر دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں کمی، مختلف شہروں میں نئی قیمتیں سامنے آگئیں

علاوہ ازیں سوات کی جیمز مارکیٹ میں قیمتی پتھروں کی جدید تراش خراش اور پالشنگ کے لیےجیم اسٹون لیپیڈری کے قیام کی فیزیبلٹی اسسٹڈی کی ذمہ داری خیبر پختونخوا منرل ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کو سونپی گئی ہے۔ کمپنی کی حتمی تشکیل کا عمل مکمل ہوتے ہی اس منصوبے کی فیزیبلٹی اسسٹڈی پر عملی کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top