چارسدہ، وزیرداخلہ محسن نقوی کا فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ، اینٹی رائٹ فورس کی تربیتی مشقوں کا معائنہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، جدید تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اینٹی رائٹ ونگ کے اہلکاروں کی جانب سے ہجوم کو کنٹرول کرنے، حساس مقامات کے تحفظ، پرتشدد صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق مختلف عملی مشقیں دیکھیں۔ اہلکاروں نے پیشہ وارانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فورس مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے اور قانون نے احتجاج کا طریقہ کار واضح طور پر متعین کر رکھا ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں تشدد، توڑ پھوڑ، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

محسن نقوی نے زیر تربیت اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اہلکار ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی تربیت بھرپور طریقے سے مکمل کریں اور مکمل پیشہ وارانہ تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔

انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کو بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ فیلڈ میں ان کی حفاظت اور آپریشنل استعداد یقینی بنائی جا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اہلکاروں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، اس لیے ہر قسم کی ٹریننگ محنت، لگن اور مکمل پیشہ وارانہ جذبے کے ساتھ مکمل کی جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عالمی معیار کا سوئمنگ پول بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے بیرکس کا دورہ کیا، اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی صدر پزشکیان کے درمیان ملاقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، وزیرداخلہ محسن نقوی

محسن نقوی نے ایف سی ہیڈکوارٹر کے تمام واش رومز ازسرنو تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اہلکاروں سے گزشتہ دورے میں اٹھائے گئے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اب لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ اہلکاروں نے مسئلہ حل کرانے پر وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایک اہلکار کی والدہ کے کینسر کے علاج کے لیے بھی فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

Scroll to Top