اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدات کے امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ، دفاعی پیداوار اور برآمدی صلاحیتوں کا جائزہ لیا اور مقامی سطح پر اسلحہ سازی اور دفاعی خود انحصاری کے فروغ پر بریفنگ۔۔۔ pic.twitter.com/HvMqCy1aaP
— Pakhtun Digital (@PakhtunDigital) August 29, 2026
اس موقع پر پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں اور ملک میں مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری کے ذریعے قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور آزمائشی مراحل کا مشاہدہ بھی کیا۔
اس دوران پی او ایف کی جانب سے جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی وزیر ماحولیات کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو ڈیفنس انڈسٹری پروڈکشن ریفارمز ایکٹ (ڈیپرا) آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مقامی پیداوار بڑھانے اور صنعتی استعداد میں اضافے کے لیے جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب بھی شامل ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان پلانٹس سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے لیے عسکری قیادت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔





