سلمان یوسفزئی
پشاور: خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، رواں سال اب تک صوبے میں ڈینگی کے 2 ہزار 697 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 478 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم ڈینگی کے باعث تاحال کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس سسٹم کی 27 اگست کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 620 مشتبہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے 83 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال پشاور ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہے، جہاں اب تک 177 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ کوہاٹ میں 151، بنوں میں 31، ہری پور میں 21 جبکہ مردان میں ڈینگی کے 5 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران کوہاٹ میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 33 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے۔ پشاور اور بنوں میں 12، 12 کیسز کی تصدیق ہوئی، جبکہ سوات میں 10، شمالی وزیرستان میں 8 اور چارسدہ میں 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا پولیس کے 57 اہلکاروں کے تبادلے، لکی مروت اور بنوں کے اہلکار بھی شامل
محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ ان مقامات کو ختم کرنے کے لیے مکینیکل اور کیمیائی طریقوں سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ اور شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے صوبے بھر میں 65 ہزار سے زائد آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔
محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور مچھر کی افزائش کے مقامات کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔





