نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آنے والے 72 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارش کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخو امیں حالیہ بارشیں، جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری
نوشہرہ، پشاور، صوابی اور مردان کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہونے جبکہ نشیبی علاقے اور رابطہ سڑکیں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں.





