ابوظبی میں جاری معروف بین الاقوامی ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن (شکار اور گھڑ سواری کی نمائش) کے دوران ایک انتہائی نایاب اور قیمتی باز نے نیلامی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نمائش میں پیش کیے جانے والے اس نایاب ‘الٹرا وائٹ پیور گیر گرموشا’ نسل کے سفید باز کی بولی حیرت انگیز طور پر 15 لاکھ درہم تک جا پہنچی، جو اس سالانہ ایونٹ میں اب تک کی سب سے بڑی اور مہنگی ترین بولی قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ شاندار شکاری پرندہ امریکہ میں واقع مارک موگلچ نامی معروف بریڈنگ فارم میں تیار کیا گیا تھا۔
اس نایاب باز کا وزن پورے ایک ہزار گرام (ایک کلو) ہے جبکہ اس کی لمبائی اور چوڑائی دونوں ہی 16.5 انچ ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اس باز کی سب سے بڑی خاص بات اس کے برف جیسے سفید پر اور اس کی دلکش جسمانی ساخت ہے، جو اسے دنیا بھر کے شکاری پرندوں میں ایک ممتاز اور منفرد مقام دیتی ہے۔
واضح رہے کہ اس بار منعقد ہونے والی اس بڑی نمائش میں دنیا بھر اور مقامی سطح کے تقریباً 55 نامور فالکن بریڈنگ فارمز اپنی بہترین نسلوں کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں، جہاں اس قسم کے نایاب پرندوں کی نمائش اور نیلامی خصوصی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔





