اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر 17 ستمبر 2026 تک الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ممکنہ سیلاب اور شدید بارشیں، وزیراعظم کی تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت
اسی طرح بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل سمیت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کے شہری علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کا یہ الرٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے کے بعد شہر میں رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش، کئی علاقے زیر آب آگئے
این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
این ای او سی کے مطابق مرکز ممکنہ خطرات کا پیشگی جائزہ لے رہا ہے اور عوام و متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔
عوام کو موسم کی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق مستند معلومات کے حصول کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔





