خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کی ہیں ،جس کے نتیجے میں 10 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ فورسز کے قافلے پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران شمالی وزیرستان اور ہنگو میں مختلف جھڑپوں کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، اور اس دوران خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آرنے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 6 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ضلع ہنگو میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 6 بہادر جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان افغان سرزمین سے ہونے والے حملوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا، ترجمان پاک فوج
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا،یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر ملک کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔





