کامران علی شاہ
پشاور: اینٹی کرپشن کورٹ خیبرپختونخوا نے نوشہرہ ٹریفک پولیس کے چالانوں کی رقم میں غبن سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ٹریفک پولیس کے سابق فوکل پرسن اور کمپیوٹر آپریٹر دولت علی کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 22 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے جج آصف رشید نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا، جس میں ملزم پر مجموعی طور پر 93 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
سینئر پبلک پراسیکیوٹر اینٹی کرپشن ابرار خٹک کے مطابق دولت علی نوشہرہ ٹریفک پولیس میں کمپیوٹر آپریٹر کے طور پر تعینات تھا اور اسے ٹریفک پولیس کا فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں خالی آسامیوں پر تعیناتی کا فیصلہ
پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے ٹریفک چالانوں کی مد میں مبینہ طور پر ٹیکنیکل فراڈ کے ذریعے سرکاری خزانے کو 90 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا۔
اس معاملے کا مقدمہ تھانہ اینٹی کرپشن نوشہرہ میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی تفتیش اور بعد ازاں عدالتی کارروائی کے دوران ملزم کے خلاف جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزا سنائی۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق دولت علی کو مجموعی طور پر 22 سال قید کے ساتھ 93 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔





