200 روپے پر تنازع ، سعودی عرب سے واپس آنے والا نوجوان قتل

اوکاڑہ : اوکاڑہ میں 200 روپے کے کیلوں کی خریداری کے تنازع پر جھگڑے کے دوران سعودی عرب سے واپس آنے والے نوجوان کو تشدد اور چھری کے وار سے قتل کر دیا گیا۔

 پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں دو نامزد اور 8 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ روز اوکاڑہ کی سیٹھ کالونی میں پیش آیا، جہاں عبدالرحمان نے ایک ریڑھی والے سے 200 روپے کے کیلے خریدے۔

ایف آئی آر کے مطابق نوجوان جب وہاں سے جانے لگا تو ریڑھی والے نے پیچھے سے آواز دے کر کہا کہ اس نے کیلوں کے پیسے ادا نہیں کیے۔

مقدمے کے متن کے مطابق اس بات پر عبدالرحمان اور ریڑھی والے کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پنشن کے لیے کتنے سال ملازمت کرنا ہوگی؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا

اس دوران نوجوان پر تشدد کیا گیا، جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر اس کے بھائی بھی موقع پر پہنچ گئے۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ طارق ماجد اور ماجو نے اپنے 8 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ جھگڑا کیا، جس کے دوران عبدالرحمان پر چھری سے حملہ کیا گیا۔

زخمی نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے مقتول کے بھائی محمد ہاشم کی مدعیت میں دو نامزد اور 8 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمہ درج ہونے کے باوجود تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

Scroll to Top