کپتان صاحبزادہ فرحان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور معاذ صداقت کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 183 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں ہدف کے تعاقب کے دوران کپتان صاحبزادہ فرحان نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت نے محض 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر میچ کا رخ پاکستان کی طرف موڑ دیا۔
دیگر بیٹرز میں فخر زمان نے 21 رنز بنائے جبکہ خواجہ نافع نے چھکا لگا کر میچ کا بہترین اختتام کیا اور 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 18 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں۔ تاہم، اوپنر لاہیرو اودارا نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کے اسکور کو 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز تک پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 جبکہ ڈیبیو کرنے والے عمران رندھاوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی، ایمرجنسی پلس یا گورنر راج ؟ اہم اجلاس طلب
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں صفر کے مقابلے میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 11 اکتوبر اور تیسرا میچ 13 اکتوبر کو راولپنڈی کے اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔





