وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیول سبسڈی سکیم سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی، عوامی مفاد کا اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور وزرائے اعلیٰ نے بہترین کردار ادا کیااور اس کو کامیاب بنایا ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں فیول سبسڈی سکیم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے سے اب تک مستفید ہونے والوں سے متعلق تفصیلات کا جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس فلاحی منصوبے سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ چکی ہے،سکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 2 ہزار روپے کا مالی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس کامیابی کا سہرہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مشترکہ تعاون اور بہترین ٹیم ورک کے سر باندھا۔
انہوں نے کہا کہ آغاز میں اس حوالے سے کچھ خدشات پائے جاتے تھے، لیکن تمام متعلقہ محکموں، وزرا اور افسران کی محنت اور صوبوں کے بھرپور تعاون سے اس ہدف کو کامیابی سے حاصل کیا گیا۔
وزیراعظم نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اظہار تشکر کے خطوط بھی لکھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیول ریلیف سکیم سے ایک ہفتے میں لاکھوں افراد مستفید
منصوبے کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کے لیے تمغے کا اعلان کیا، جبکہ دیگر محکموں کے شاندار کارکردگی دکھانے والے افسران اور حکام کو بھی شیلڈز سے نوازا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کی مشکلات کم کرنے اور انہیں سہولتیں دینے کے ایسے حکومتی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔





