13 سال انتشار، نااہلی اوربڑھکیں،خیبر پختونخوا کو اب خدمت چاہیے،مریم نواز

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کو تیرہ برس صرف دھرنے، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے ہیں اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق بحث عوام کی ناکامی نہیں بلکہ 13 سالہ حکمرانی کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے خیبر پختونخوا کے عوام سے سوال کیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا ایک ہی ملک میں ہیں، ایک ہی آئین اور ایک ہی قومی خزانے کے حصہ دار ہیں، پھر ایک صوبے میں ترقی کا سفر اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ فرق وسائل کا نہیں بلکہ نیت اور اہلیت کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پنجاب ستھرا ہو سکتا ہے تو خیبر پختونخوا کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں صفائی نہیں بلکہ صرف سیاست ہوئی ہے۔ اگر پنجاب کے ہونہار بچوں کو اسکالرشپ مل سکتی ہے تو خیبر پختونخوا کے بچوں کو کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں ترجیح بچے نہیں بلکہ دھرنے تھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کی مائیں بے فکر ہیں تو خیبر پختونخوا کی مائیں خوف میں کیوں ہیں؟ کیونکہ وہاں توجہ عوام کی حفاظت پر نہیں بلکہ اسلام آباد پر چڑھائی پر رہی ہے۔ اگر پنجاب میں گرین الیکٹرو بسیں چل سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا میں کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں منصوبے زمین پر نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پر چلے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پنجاب کے گاؤں تک پختہ سڑکیں پہنچ سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کی سڑکیں ادھوری کیوں ہیں؟ کیونکہ وہاں وعدے ہوئے ہیں اور کام نہیں ہوا۔ اگر پنجاب میں مفت دوا، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز دہلیز پر ہیں تو خیبر پختونخوا کا مریض بے بس کیوں ہے؟ کیونکہ وہاں عوام کی صحت سے زیادہ اقتدار عزیز رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایمرجنسی لگتے ہی دشمنوں میں صفِ ماتم: پی ٹی آئی کے حق میں بھارتی اور افغان سوشل میڈیا ایک ہو گیا

مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ “کیوں” کا جواب صرف ایک ہی ہے، جو کہ تیرہ سالہ انتشار اور نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ثابت کر دیا ہے کہ حکومتیں بڑھکوں سے نہیں بلکہ کام، کام اور کام سے چلتی ہیں، اور خیبر پختونخوا کو اب انتشار نہیں بلکہ خدمت چاہیے۔

Scroll to Top