ہری پور میں خوفناک حادثہ نے 4 دوستوں کی زندگی کے چراغ گل کر دیے، ہرطرف چیخ وپکار

ہری پور کے علاقے سرائے صالح کے قریب ایک دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے نے پورے محلے کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا۔

ایبٹ آباد سے کھانا کھا کر خوشی خوشی واپس لوٹنے والے چھ دوستوں کی گاڑیاں تیز رفتار آئل ٹینکر کی زد میں آ گئیں، جس کے نتیجے میں چار ابھرتے ہوئے نوجوان موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ ایک ہی محلے میں چار جوان سالہ لاشیں پہنچنے پر علاقے میں قیامت کا منظر تھا اور فضا شدید سوگوارہو گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام نوجوان باہم گہرے دوست تھے اور ایبٹ آباد میں ایک ساتھ کھانا کھانے کے بعد واپس ہری پور آ رہے تھے کہ سرائے صالح کے قریب موت کے سوداگر آئل ٹینکر نے ایک گاڑی کو شدید ٹکر مار دی۔

حادثہ اس قدر اچانک اور خوفناک تھا کہ پیچھے آنے والی دوسری کار بھی بے قابو ہو کر اسی تباہ شدہ گاڑی اور ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ ٹکر کی شدت اتنی سنسنی خیز اور بھیانک تھی کہ دونوں گاڑیوں کا کچومر نکل گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے بدقسمت نوجوانوں کی شناخت 23 سالہ عمر مہتاب، 28 سالہ شامیر جاوید، 19 سالہ سیف الرحمان اور 25 سالہ احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

تمام مقتولین کا تعلق ہری پور کے درویش محلہ کھجوراں والے سے تھا، جہاں ایک ساتھ چار جوان جنازے اٹھے تو پورا محلہ چیخ و پکار اور آہ و بکا سے گونج اٹھا۔

یہ بھی پڑھیں : راجن پور انڈس ہائی وے پرٹریفک حادثہ، مسافر بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹنے سے 8 افراد جاں بحق، 32 زخمی

خوفناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ٹیموں نے گاڑیوں کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا اور فوری طور پر ہری پور کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا جہاں زخمیوںکو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حادثے نے شاہراہوں پر تیز رفتار اور بے قابو وزنی گاڑیوں کی ناقص نگرانی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

Scroll to Top