واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے شیڈولڈ میسجز فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے پیغامات پہلے سے لکھ کر انہیں اپنی مرضی کے مقررہ وقت پر خودکار طور پر بھیج سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق یہ فیچر پہلے اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں سامنے آیا تھا، جبکہ اب اسے منتخب آئی او ایس بیٹا صارفین کے لیے بھی آزمایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کسی بھی چیٹ میں پیغام لکھنے کے بعد ہولڈ بٹن دبا کر تاریخ اور وقت کا انتخاب کرسکیں گے، جس کے بعد پیغام مقررہ وقت پر خود بخود بھیج دیا جائے گا۔
پیغام شیڈول ہونے کے بعد متعلقہ چیٹ میں ایک تصدیقی اطلاع بھی ظاہر ہوگی، تاہم یہ اطلاع صرف اسی صارف کو نظر آئے گی جس نے پیغام شیڈول کیا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق صارفین کم از کم 10 منٹ بعد سے لے کر دو ہفتے تک کے لیے پیغامات شیڈول کرسکیں گے۔ اس سہولت کے ذریعے صرف تحریری پیغامات ہی نہیں بلکہ تصاویر، ویڈیوز اور ویب لنکس بھی مقررہ وقت پر بھیجنے کے لیے شیڈول کیے جاسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں بیٹھ کر واٹس ایپ کے ذریعے پختونخوا کا نظامِ صحت چلانے والے نوشیروان کے کالے کارناموں کے تہلکہ خیز انکشافات
فی الحال یہ فیچر صرف منتخب بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے۔ جن صارفین کو اس کی رسائی نہیں ملی، وہ اسے خود سے فعال نہیں کرسکتے۔
آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں پر اس فیچر کی آزمائش جاری ہے، تاہم واٹس ایپ نے ابھی تک اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی تاریخ یا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
فیچر کی عام دستیابی کے بعد صارفین اہم پیغامات، یاد دہانیاں اور مبارک باد کے پیغامات پہلے سے شیڈول کرکے مقررہ وقت پر بھیج سکیں گے۔





